تہران:ایران نے سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات کی دوبارہ بحالی اور دو ماہ کے اندر سفارتخانے اور مشن دوبارہ کھولنے کے معاہدے کی تعریف کی ہے۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل( ایس این ایس سی) کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ تہران۔ریاض تعلقات کی بحالی سے علاقائی استحکام اور سلامتی کو فروغ حاصل ہو گا۔ شمخانی نے بیجنگ میں ایران ،سعودی عرب اور چین کے درمیان سہ فریقی مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرنے کے بعد ایس این ایس سی سے وابستہ نیوزخبر رساں ادارے نور نیوز کو بتایا کہ غلط فہمیوں کو دور کرنا اور تہران۔ریاض تعلقات میں مستقبل کی طرف دیکھنا یقینی طور پر علاقائی استحکام اور سلامتی کی ترقی اور موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی ممالک اور مسلم دنیا کے درمیان تعاون کی توسیع کا باعث بنے گا۔ شمخانی نے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو صاف، شفاف، جامع اور تعمیری قرار دیا۔انہوں نے ممالک کے درمیان تعلقات کی ترقی کی حمایت میں چین کے تعمیری کردار کو سراہا جو چیلنجوں کے حل، امن و استحکام کو یقینی بنانے اوربین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔