ریاض ؍ اسلام آباد : سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے پیر کے روز پاکستان کے ایک روزہ دورے کے دوران صدر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید اور فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی، بین الاقوامی، اقتصادی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اورعمران خان کے درمیان بات چیت کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کی مذمت کی اور مملکت کی سلامتی، خود مختاری اور سرحدی تحفظ کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔