نیویارک: امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے زور دے کر کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا واضح ویژن ہے جو مشرق وسطیٰ کا چہرہ بدل دے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دو ریاستی حل کے بارے میں واضح موقف رکھتا ہے۔ریپبلکن سینیٹر نے العربیہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں مزید کہا کہ سعودی ولیعہد امریکہ کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور میں ان کی حمایت کرتا ہوں۔ ولیعہد ایک معاہدے اور دو ریاستی حل کیلئے سکیورٹی کی ضمانتیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے ساتھ دفاعی معاہدہ سعودی عرب کی تمام درخواستوں کے حوالے سے بہترین ضمانت ہے۔ گراہم نے غزہ میں فلسطینیوں کیلئے بہتر مستقبل کی تعمیر کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے رہنما ’’کرپٹ‘‘ ہیں۔انھوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے مستقبل کیلئے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ کے اگلے دن کے بارے میں سوچنے سے پہلے حماس کو ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں اپنا مشن پورا نہیں کرتا تو حماس مختلف شکلوں میں واپس آ سکتی ہے جبکہ امریکی سینیٹر نے اس بات کی تردید کی کہ انہوں نے اسرائیل کو غزہ پر جوہری ہتھیاروں سے حملہ کرنے کیلئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ اسرائیل کو غزہ کی پٹی پر جوہری بم گرانا چاہیے، لیکن میں نے کہا کہ حماس سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ جتنی جلدی ممکن ہو اسرائیل کواپنا مشن مکمل کرنا چاہیے۔گراہم نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوجی مہم کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے۔