سماج وادی پارٹی نے تین ایم ایل ایزکو باہرکردیا

   

لکھنؤ، 23 جون (آئی اے این ایس)۔ سماج وادی پارٹی نے پیرکو تین موجودہ ایم ایل ایز ابھیے سنگھ (گوسائی گنج)، راکیش پرتاپ سنگھ (گوری گنج)، اور منوج کمار پانڈے (اونچاہار) کو پارٹی مخالف سرگرمیوں اور نظریاتی انحراف کے الزام میں پارٹی سے خارج کردیا۔ پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ ایم ایل ایز نے فرقہ وارانہ، تقسیم پسند اور منفی نظریات کی حمایت کی، جو ایس پی کی سوشلسٹ، ہم آہنگ اور ترقی پسند قدروں کے خلاف ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان لیڈران کو پہلے موقع دیا گیا تھا کہ وہ اپنے موقف پر نظرِ ثانی کریں، لیکن انہوں نے ایسا نہیںکیا۔ پارٹی نے خبردارکیا کہ آئندہ کوئی بھی شخص عوام دشمن سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کا ایس پی میں کوئی مقام نہیں ہوگا۔ قابلِ ذکر ہے کہ ان تینوں ایم ایل ایز نے2024 کے راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوارکے حق میں ووٹنگ کی تھی، جس سے ایس پی کا تیسرا امیدوار شکست کھا گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ لیڈران بی جے پی کے قریب نظر آرہے تھے۔ اگرچہ پارٹی نے ان کو نکال دیا ہے، مگر وہ اسمبلی کے ریکارڈ میں تاحال سماج وادی پارٹی کے ایم ایل ایز درج ہیں، جب تک کہ مزید کارروائی نہ ہو۔