رامپور:سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور رام پور سے پارٹی کے رکن اسمبلی اعظم خان کے خلاف درج مقدمے میں گواہ کو دھمکی دینے پر بدھ کو ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار نے کہا کہ اعظم خان اور دیگر پانچ افراد کے خلاف مقدمہ کے گواہوں کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایف آئی آر رام پور شہر کے بوریا علاقہ کے رہنے والے ننہے نامی شخص کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ پولیس کو دی گئی تحریر کے مطابق، ننھے نے الزام لگایا ہے کہ صبح 9.30 بجے کے قریب پانچ نامعلوم افراد ان کے گھر پہنچے اور کہا کہ انہیں اعظم خان نے بھیجا ہے۔ ان لوگوں نے کہا کہ وہ عدالت میں خان کے خلاف بیان نہ دیں ورنہ نتائج بھگتنا پڑیں گے۔