کئی پروازیں منسوخ‘ ریل خدمات بھی بری طرح متاثر‘ عوام کو مشکلات
چینائی۔30؍نومبر ( ایجنسیز )سمندری طوفان دتواہ کے باعث ٹاملناڈو میں شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال ہے۔ طوفان دتوا کی وجہ سے بارش سے مربوط واقعات میں اب تک تین لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ریاستی وزیر کے کے ایس ایس آر رام چندرن نے اتوار کو میڈیاکو بتایاکہ 28 ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں، بشمول ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف، کو تیار رکھا گیا ہے اور مزید 10 ٹیمیں دوسری ریاستوں سے ٹاملناڈو آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کو ان علاقوں میں راحت اور بحالی کا کام کرنے کیلئے بھیجا جائے گا جو بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر متاثر ہوئے ہیں۔طوفان ’دتوا‘کی وجہ سے ہونے والی موسلادھار بارش سے ٹاملناڈو میں فضائی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ چینائی ایئرپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے ہفتہ کو 54 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایئر انڈیا سمیت کئی ایئر لائنز نے کہا ہے کہ چینائی اور ٹاملناڈو کے کچھ دوسرے شہروں سے ان کی پروازیں طوفان سے متاثر ہو سکتی ہیں۔طوفان’ دتوا‘ نے ٹاملناڈو میں ریل خدمات کو بھی متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے سدرن ریلوے یعنی جنوبی ریلوے نے اپنی ٹرین کے ٹائم ٹیبل میں کچھ تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔سمندری طوفان اور اس کے اثرات کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ یکم دسمبر کو بھی کونسیما، مغربی گوداوری، کرشنا، پالناڈو، گنٹور، باپٹلا، پرکاشم، نیلور، کڑپہ، اننامیا، تروپتی اور چتور میں شدید بارش جاری رہنے کا اندیشہ ہے ۔ شمالی ساحلی آندھرا، یانم اور رائل سیما میں 35 تا 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، جو زیادہ سے زیادہ 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ماہی گیروں کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دو دسمبر تک آندھرا کے ساحل پر سمندر میں نہ جائیں، کیونکہ ہواؤں کی رفتار 65 تا 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے ۔ محکمۂ موسمیات نے 2 دسمبر سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ظاہر کی ہے ۔
