صدر مدرس معطل، ضلع کلکٹر کا دورہ ، مانگنور ضلع پریشد اسکول کی تنقیح ، تحقیقاتی رپورٹ چیف منسٹر دفتر کو پیش کی جائے گی
نارائن پیٹ 21/نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر سکتا پٹنائک نے آج نارائن پیٹ ضلع کے ماگنور ضلع پریشد ہائی اسکول میں دوپہر کے کھانے کے آلودہ ہونے کے واقعہ کی جانچ کے لئے متاثرہ اسکول کا معائنہ کیا جس میں اس اسکول کے کئی طلباء سمیت غذا سے بیمار ہوگئے تھے ، ماگنور زیڈ پی ہائی اسکول کا دورہ کرنے کے موقع پر کلکٹر نے اسکول کے کچن، اسٹور روم، کھانا پکانے کے لیے استعمال ہونے والے چاول اور اسٹور روم میں ضروری اشیاء کا معائنہ کیا۔ کل پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں اسکول کے طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ سے معلومات حاصل کیں۔ اس کے بعد کلکٹر نے ہدایت کی کہ آج سے ہر روزاسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کے معائنہ اور غذا کو چکھنے کے بعد ہی طلباء کو مڈ ڈے میل پیش کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کل پیش آنے والے اس واقعہ میں 17 طلباء قیے اور الٹی سے بیمار ہو گئے اور انہیں علاج کے لئے بنیادی مرکز صحت کے ڈاکٹر کے مشورہ پر مکتھل کمیونٹی ہسپتال لے جایا گیا اور بہتر علاج کے لئے محبوب نگر جنرل ہسپتال بھیجا گیا۔ محبوب نگر کے ضلع کلکٹر نے فوری اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو مطلع کیا اور طلبہ کی خیریت دریافت کی۔ ضلع کلکٹر نے انکشاف کیا کہ طلباء فی الحال صحت یاب ہو رہے ہیں، ان کی صحت کی حالت مستحکم ہے اور وہ محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کے واقعے میں ملوث اسکول ہیڈ ماسٹر کو معطل کر دیا گیا ہے، کھانا پکانے والی ایجنسی کو منسوخ کر کے اسے دوسری ایجنسی کے حوالے کیا گیا ہے۔ تاہم کلکٹر نے کہا کہ طلبہ کے والدین نے شکایت کی تھی کہ کوکنگ ایجنسی کے خلاف ماضی میں بھی الزامات عائد ہوتے تھے ۔ اب سے ہر اسکول میں ٹیسٹنگ کمیٹی بنا ئی جائیگی ،کلکٹر نے واضح کیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور دوپہر کے کھانے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ بازار سے چاول، سبزیاں، مرغی کے انڈے چیک کر کیا سکول لائیں ۔کلکٹر نے اسکول کے ہیڈ ماسٹروں، کوکنگ ایجنسیوں اور اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے خصوصی توجہ دیں۔ کلکٹر نے ماگنور آلودہ کھانے کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کی ہے وہ رپورٹ وزیراعلیٰ کے دفتر میں پیش کریں گے۔