سنٹرل الیکشن کمیشن کی ضمنی انتخاب پر کڑی نظر

   


ٹی آر ایس پر مقدمہ درج، مندر درشن کے اخراجات ٹی آر ایس امیدوار کے کھاتے میں شامل، ایم آر او معطل
حیدرآباد۔/22 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے ٹی آر ایس پر مقدمہ درج کرنے اور 300 افراد کو یادادری مندر کا درشن کرنے کے اخراجات ٹی آر ایس امیدوار کے انتخابی مصارف میں درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب پر خصوصی نظر رکھا ہے۔ اختیار میں نہ ہونے کے باوجود انتخابی نشان تبدیل کرنے والے سابق ریٹرننگ آفیسر جگناتھ راؤ کے خلاف کارروائی کرنے کی اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کو ہدایت دی جس پر وکاس راج نے جگناتھ راؤ کے خلاف کارروائی کرنے کی ریاستی حکومت سے سفارش کی۔ 300 افراد کو یادادری مندر لے جاکر انہیں حلف دلانے کے معاملے میں وصول ہوئی شکایت پر الیکشن کمیشن نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی ٹی آر ایس کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور مندر درشن کے سارے اخراجات ٹی آر ایس امیدوار کے انتخابی مصارف کے کھاتے میں شامل کرنے کی ہدایت دی ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بیالٹ میں کشتی کے بجائے دوسرا انتخابی نشان شائع کرانے والے چوٹ اپل کے ایم آر او کو معطل کردیا گیا۔ن