ورکرس کی ہڑتال سے روزانہ 120 کروڑ کا نقصان، لوک سبھا میں توجہ دہانی
حیدرآباد۔13۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے لوک سبھا میں سنگارینی کالریز ورکرس کی ہڑتال کا مسئلہ اٹھایا۔ خصوصی تذکرہ کے تحت اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام سنگارینی کالریز کے تحت 4 کوئلہ کے بلاکس کے آکشن کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ستو پلی ، کتہ گوڑم ، شراون پلی اور کلیان کھانی کے کول بلاکس کو حکومت خانگی اداروں کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔ سنگارینی کالریز 100 سال قدیم عوامی ادارہ ہے اور اس کا شمار ملک کے قدیم اور بڑے ادارہ میں ہوتا ہے ۔ گزشتہ 20 برسوں سے سنگارینی کالریز منافع بخش ادارہ کی طرح کام کر رہا ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ چاروں کول بلاکس سنگارینی کو الاٹ کرے ۔ آکشن کے خلاف 50,000 ملازمین گزشتہ تین دن سے ہڑتال کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں روزانہ 120 کروڑ روپئے کا نقصان ہورہا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سنگارینی کالریز تلنگانہ ، آندھراپردیش ، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور ٹاملناڈو میں تھرمل پاور جنریشن کی ضرورتوں کی تکمیل کرتی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آکشن منسوخ کرتے ہوئے چاروں کول بلاکس سنگارینی کے حوالے کئے جائیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے بھی ملازمین کے مطالبہ کی تائید میں مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں سنگارینی ملازمین کے مطالبات کے حق میں ہیں۔ ر