سنگاریڈی راجیو پارک کی ترقی میں چار چیف منسٹر کا تعاون رہا

   

پارک کی تعمیر و ترقی کی پیشرفت کا جائزہ، جگاریڈی کی میڈیا سے بات چیت

سنگا ریڈی۔ 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی پی سی سی جگا ریڈی نے کہا ہے کہ سنگا ریڈی کے راجیو پارک کی تعمیر اور ترقی میں چار وزرائے اعلیٰ کا تعاون شامل رہا ہے۔ انہوں نے راجیو پارک کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔جگا ریڈی نے پارک میں جاری تعمیراتی و تزئینی کاموں، نئے نصب کیے گئے ورزشی آلات اور زیرِ تکمیل فاؤنٹین کی مرمت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حکام سے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کاموں کو معیاری انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے راجیو پارک کے قیام کی منظوری دی تھی، جبکہ سابق وزیر اعلیٰ کے روشیا نے اس کا سنگِ بنیاد رکھا اور کرن کمار ریڈی نے پارک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دورِ حکومت میں پارک خستہ حالی کا شکار ہوکر اپنی افادیت کھو بیٹھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کی سکریٹری ٹی کے شریدیوی کے تعاون سے پہلے مرحلے میں تین کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید چھ کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد جلد ہی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے ہاتھوں راجیو پارک کا ازسرِنو افتتاح کیا جائے گا اس موقع پر ٹی پی سی سی کے جنرل سکریٹری توپاجی اننت کشن، بونگلا روی، کونا سنتوش، میونسپل وائس چیئرمین حفیظ شیخ شفیع ، ٹاؤن صدر کرن گوڑ، سری ہری، کونسلرس، میونسپل حکام اور دیگر موجود تھے۔