سنگاریڈی ۔ یکم جولائی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فرائض کی انجام دہی میں کامیابی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت نہایت ضروری ہے۔ پولیس افسران اور عہدیداروں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھارنے کے مقصد سے پولیس ڈیوٹی میٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ بات سنگاریڈی ضلع کے ایس پی پریتوش پنکج آئی پی ایس نے کہی ۔ ضلع پولیس دفتر سنگاریڈی میں منعقدہ ضلعی سطح کی تیسری پولیس ڈیوٹی میٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش، شواہد کے تحفظ اور معیاری تحقیقاتی عمل میں مہارت پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس طرح کے مقابلے پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی ڈی جی پی کی ہدایات کے مطابق منعقد ہونے والی اس ڈیوٹی میٹ میں تمام پولیس عہدیدار بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی چیتنیہ ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ مقابلے کمپیوٹر، فارنسک سائنس، فنگر پرنٹس، شواہد کی ہینڈلنگ، پیکنگ و لفٹنگ، بم ڈسپوزل، پولیس کتوں کی ٹریکنگ، دھماکہ خیز مواد کی ہینڈلنگ، فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی سمیت مختلف شعبوں میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کو انعامات دیے جائیں گے اور انہیں زونل سطح کی پولیس ڈیوٹی میٹ میں شرکت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔اس پروگرام میں اے آر ڈی ایس پی نریندر، ڈی سی آر بی ڈی ایس پی سریندر ریڈی، انسپکٹر رمیش، ایس بی انسپکٹر سدا ناگراج، آر آئی سریش، ڈینیئل اور ضلع کے دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔