خوبانی سرد پہاڑی علاقوں میں پیدا ہونے والا خوش ذائقہ اور غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔جیسے تازہ کھانے کے علاوہ بیج نکال کر خشک بھی کر لیا جاتا ہے اور سارا سال خشک خوبانی نہایت شوق سے کھائی جاتی ہے خوبانی کا اصل وطن چین ہے‘ برصغیر میں بھی اس کی کاشت عرصہ دراز سے ہو رہی ہے اور دیگر شمالی علاقہ جات میں یہ صحت بخش خوبیوں سے مالا مال پھل کثرت سے کاشت کیا جاتا ہے جبکہ اس کو خشک کر کے استعمال کرنے سے ہر موسم میں اس کی افادیت کا حصول ممکن ہے۔ خشک خوبانی اپنی غذائی اور قوت بخش صلاحیت کی وجہ سے پوری دنیا میں مقبول ہے۔
صحت بخش اجزا اور غذائی استعمال : خشک خوبانی ہر موسم میں باآسانی دستیاب ہوتی ہے۔یہ جسمانی کمزوری دور کرنے کیلئے بہت مفید ہے۔اس پھل میں تمام حیاتین اور معدنی نمکیات کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ خوبانی کا پھل موسمی ہوتا ہے لیکن اس کی افادیت اور پسندیدگی کے پیش نظر اسے سکھا کر رکھ لیا جاتا ہے جو خشک خوبانی کے نام سے جانی جاتی ہے۔اس کو سویٹس‘ ڈیزرٹ وغیرہ میں استعمال کرنے کے علاوہ اس کی چٹنی بھی بنائی جاتی ہے۔خشک خوبانی میں وہ تمام خواص موجود ہوتے ہیں جو کہ اس کے تازہ پھل میں پائے جاتے ہیں۔خشک خوبانی کی 100 گرام مقدار میں حرارے 182‘ پروٹین 5 گرام‘ نشاستہ 67 گرام‘ چکنائی 10 گرام اور ریشہ 24 گرام ہوتا ہے۔ اس کے معدنی و حیاتیاتی اجزا میں فاسفورس 70 ملی گرام‘ آئرن 4.6 ملی گرام‘ کیلشیم 110 ملی گرام‘ وٹامن سی 2.0 ملی گرام اور وٹامن B کمپلیکس شامل ہوتے ہیں اس کی 100 گرام مقدار میں 306 کیلوریز ہوتی ہیں۔ خوبانی کا مربہ اعصاب کو طاقت دیتا ہے۔