سورت کی اپیل کورٹ کا فیصلہ راہول کے غرور پر طمانچہ: بی جے پی

   

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہتک عزت کیس میں سورت کی اپیل کورٹ سے راحت نہ ملنے پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالت کا آج کا فیصلہ گاندھی خاندان کے ‘گھمنڈ’ پر کرارا طمانچہ ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان سمبیت پاترا نے آج پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سورت کی اپیل کورٹ کے حکم سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ملک میں آئین کی حکمرانی ہے نہ کہ کسی خاندان کی۔ قانون کے تحت کسی خاندان کو ترجیح نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی کسی خاندان کو مختلف نقطہ نظر سے دیکھنے کی کوئی سہولت دی جا سکتی ہے ۔ ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ سورت کی اپیل کورٹ کے آج کے فیصلے نے نہ صرف گاندھی خاندان کے غرور کو شکست دی ہے ، بلکہ گاندھی خاندان کو بچانے کے لیے اترنے والے اس نظام کو بھی شکست دی ہے ، جس نظام میں کانگریس سمیت ملک و بیرون ملک بیٹھے اہم لوگ شامل ہیں۔ سورت کی عدالت کے حکم سے پورے ملک میں خاص طور پر پسماندہ طبقات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ راہل گاندھی کے دل میں او بی سی کے تئیں دشمنی کا احساس ہے اور انہوں نے گالی دے کر اس کا مظاہرہ کیا تھا۔