سوشل میڈیا سے عوام کے ذہن پراگندہ ہوگئے ہیں : ششی تھرور

   

حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور نے کل یہاں گیٹم یونیورسٹی کے سالانہ ’چینج میکرس‘ پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت کو شکست دینا ہندوستانیوں کے ایک بڑے طبقہ کے ذہنوں کو تبدیل کرنے کے لئے کافی نہیں ہے بلکہ اس کے لئے مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ عوام کے ذہن سوشل میڈیا کے ذریعہ پراگندہ ہوگئے ہیں۔ اس سدھار کے لئے کام کرنا ہوگا۔ ششی تھرور نے اس سوال پر کہ دائیں بازو کی سیاست کی اکثر مذہبی اقلیتوں کو دبانے کے لئے اصل وجہ ہونے کے لئے مورد الزام ٹھہرایا جاتا رہا ہے۔ اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا میں حالات کو بہتر بنانے کے لئے صحیح سمت میں کام کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہمارے ملک اور عوام کے نیچر میں تبدیل آسکے۔ گزشتہ دس سال میں جو تبدیلی ہوئی وہ خفیہ طور پر نقصان پہنچانے والا سوشل میڈیا کا رول ہے۔ انھوں نے کہاکہ لوگ واٹس اپ پر معلومات حاصل کررہے ہیں جس میں زیادہ تر معلومات تاریخی حقائق اور اعداد کے بارے میں صحیح نہیں ہوتے ہیں۔ اس طرح کی چیزوں سے عوام کی سوچ پر اثر پڑا ہے۔