سوشیل میڈیا میں وائرل ویڈیو پر الیکشن کمیشن کی وضاحت

   

بہادر پورہ کے نام سے وائرل ویڈیو مغربی بنگال کا ہے
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے سوشیل میڈیا میں وائرل ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بہادر پورہ اسمبلی حلقہ میں ایک پولنگ اسٹیشن پر بوگس ووٹنگ کی جارہی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ وائرل ویڈیو میں پریسائیڈنگ آفیسر سرجیکل ماسک پہنے ہوئے ہیں اور ایک شخص ٹی شرٹ میں ملبوس ووٹنگ کمپارٹمنٹ کے بازو کھڑا ہے اور وقفہ وقفہ سے اندر اور باہر ہورہا ہے۔ ووٹننگ کمپارٹمنٹ میں اس کے داخلہ کے وقت رائے دہی کی آواز ای وی ایم مشین سے سنائی دے رہی ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیو بہادر پورہ اسمبلی حلقہ کے کسی پولنگ اسٹیشن کا ہے۔ وکاس راج نے واضح کیا کہ یہ ویڈیو پرانا ہے اور اس کا تلنگانہ کے پارلیمانی چناؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ یہ ویڈیو 27 فروری 2022 کو ٹی وی 9 بنگلہ چینل نے یو ٹیوب پر اَپ لوڈکیا تھا۔ وکاس راج نے وضاحت کی کہ مذکورہ ویڈیو کا تلنگانہ کے اسمبلی یا پارلیمانی چناؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ویڈیو میں سنی جانے والی آواز کی زبان تلگو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں رائے دہی آزادانہ اور منصفانہ رہی۔ انہوں نے صحافیوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ ویڈیو کے بارے میں حقائق پیش کریں اور رائے دہی میں ریگنگ کے دعویٰ کو مسترد کریں۔1