شاہ عنایت گنج پولیس کی کارروائی ۔ سوشیل میڈیا پر کڑی نظر
حیدرآباد 21 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں بدامنی پھیلانے اور فرضی اطلاعات اور افواہوں سے پرامن ماحول کو مکدر کرنے اور مختلف فرقوں کے درمیان نفرت پھیلانے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر بے بنیاد اور غلط اطلاعات کو عام کرکے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔ شاہ عنایت گنج انسپکٹر بالو چوہان نے اس کا سخت نوٹ لیا اور عہدیداروں کی ہدایت پر کارروائی کرکے چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ اس سلسلہ میں ڈی سی پی ساوتھ ایسٹ زون چندرا موہن نے بتایا کہ 43 سالہ نریش ویاس ساکن چکنا واڑی گوشہ محل ( کیمرہ مین 9 بھارت سماچار ) ، 39 سالہ شیخ شوکت احمد ساکن میر عالم منڈی ( چیرمین 5 ان نیوز ) ، 51 سالہ مہیش کمار اپادھیائے ساکن عثمان شاہی 9 بھارت سماچار اور 55 سالہ سندیپ بہرا ساکن سندریا پارک باغ لنگم پلی کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی کے مطابق میلاد النبیؐ کے موقع پر سوشیل میڈیا کی جانچ کی جارہی تھی ۔ پولیس نے خدشات کے پیش نظر سوشیل میڈیا پر نظر رکھی تھی اس دوران مہیش اپادھیا نے ملعون راجہ سنگھ کا ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں تقریبا 500 مسلمانوں کی جانب سے ہندوؤں کے مکانات پر گوشہ محل میں حملہ کا ذکر کیا گیا ۔ اس ویڈیو کو 9 بھارت سماچار سٹی نیوز واٹس ایپ گروپ میں شیئر کیا گیا جو بے بنیاد ہے اور اس ویڈیو کو نریش ویاس نے مختلف واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا ۔ شیخ شوکت احمد نے چارمینار کے قریب لاٹھی چارج کے ویڈیو کو ای 20 نیوز چینل واٹس ایپ گروپ میں شیئر کیا ۔ پولیس نے دونوں فرقوں میں نفرت پھیلانے اور جذبات کو ٹھیس پہونچانے پر انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع