سوڈان میں فوجی طیارہ رہائشی علاقہ میں گر کر تباہ، 46 ہلاک

   

خرطوم: سوڈان کے شہر اْمدرمان میں ایک فوجی طیارہ رہائشی علاقہ میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجہ میں کم از کم 46 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان میں فوجی اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔یہ انتونوف طیارہ، جو ایک یوکرینی کمپنی کا بنایا ہوا تھا، وادی سیدنا ایئربیس سے گزشتہ روز اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ فوج نے حادثہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے لیکن حادثہ کی وجوہات پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔وزارت صحت نے بتایا کہ نعشیں ناؤ ہاسپٹل منتقل کی گئیں، جبکہ پانچ زخمی شہریوں کا علاج بھی کیا گیا۔سوڈان میں اپریل 2023 سے خانہ جنگی ہے، جو فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے نتیجہ میں شروع ہوئی۔
اس جنگ نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے، خاص طور پر شہری علاقوں میں۔ دارفور سمیت کئی علاقوں میں نسلی قتل عام اور اجتماعی زیادتیوں جیسے سنگین جرائم کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔اْمدرمان میں طیارہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب فوج اور RSF کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر چکی ہیں۔ دونوں فریق ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ RSF نے دعویٰ کیا ہیکہ انہوں نے ایک روز قبل جنوبی دارفور کے شہر نیالا میں فوجی طیارہ مار گرایا تھا۔ دوسری طرف، فوج بھی دارفور سمیت کئی علاقوں میں RSF کے خلاف حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور مختلف محاذوں پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔