سوکھے کے حالات کا سروے شروع، لگان وصولی ملتوی

   

لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں سوکھے کے حالات سے نبردآزما کسانوں کو راحت دینے کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی سطح پر سوکھے کے حالات کا سروے کرنے کا آرڈر دیا ہے ۔وزیر اعلی دفتر کے ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ ریاست کے سبھی 75اضلاع میں 75ٹیمیں سروے کا کام کریں گی۔ سبھی ڈی ایم کو ایک ہفتے کے اندر سروے رپورٹ بھی دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔اس کام کو ترجیحی بنیاد پر کرنے کی تاکید کرتے ہوئے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اس کام میں لاپرواہی برتنے یا تاخیر ہونے پر متعلقہ ڈی ایم کی جواب دہی طے کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے 62اضلاع میں اوسط سے کم بارش ہوئی ہے ۔ اس کا سیدھا اثر کسانوں پر پڑا ہے ۔ اس کے یش نظر قحط زدہ اضلاع میں حکومت نے لگان کی وصولی کو ملتوی کرنے کا بھی آرڈر دیا ہے ۔