ممبئی ، 15 مئی (یو این آئی) وزیر اعلیٰ فڑنویس نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات کا سامنا گرینڈ الائنس کے طور پر کریں گے ۔ اگر کچھ غیر معمولی حالات میں چند مقامات پر الگ سے الیکشن لڑنا پڑا تو کارکنوں کو تنقید کیے بغیر موقع دیا جائے گا، کیونکہ وہ کئی برسوں سے اپنے وارڈز میں سرگرم ہیں۔ انتخابات کے بعد دوبارہ اتحاد کیا جائے گا۔فڑنویس نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پونے میں صحافیوں سے بات کرتے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ یہ انتخابات وقت پر مکمل ہوں۔ تاہم، جہاں بارش کی شدت زیادہ ہوتی ہے وہاں انتخابات کو کچھ دنوں کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ حکومت اور الیکشن کمیشن اس ضمن میں مکمل تال میل کے ساتھ کام کریں گے ۔پہلگام حملے اور آپریشن سندورکے بعد مہاراشٹر کی فلم انڈسٹری اور کئی تاجروں نے پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ تجارت بند کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ان سب کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے قوم کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ترک اشیاء کا بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ہمارے لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، ایسے ملک اور اس کے حمایتی ممالک کو سبق سکھانا ضروری ہے ۔ فڑنویس نے مزید کہا کہ اگر پونے کے تاجروں کو پاکستان سے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں تو وہ ان کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔