سکندرآباد اسٹیشن پر تشدد ‘ کشن ریڈی کی امیت شاہ سے ملاقات

   

وزیر داخلہ کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ ریاستی پولیس پر تشدد پر تماشائی بنے رہنے کا الزام
حیدرآباد17 ۔جون(سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے سکندرآباد اسٹیشن پر پر تشدد واقعات ‘ آتشزنی اور پولیس فائرنگ کی تفصیلی رپورٹ کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرکے حقائق سے واقف کروایا ۔ کشن ریڈی سکندرآباد کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران اگنی پتھ اسکیم سے برہم نوجوانوں کے احتجاج اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر تشدد میں سرکاری و عوامی املاک کو نقصان کی تفصیل پیش کی۔ بعدازاں انہوں نے پرتشدد مظاہرہ کو قابل مذمت اور مرکز کے خلاف سازش قراردیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بدنام کرنے سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہونچایاگیا ۔جی ریڈی نے پولیس انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ پولیس اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ پولیس کی موجودگی میں مظاہرین نے 40 سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر سازش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تشدد پر پولیس تماشائی بنی رہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ مرکز کی اسکیم اگنی پتھ کسی سے نانصافی یا امتیاز نہیں کرتی بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں اگنی پتھ طرز کی اسکیمات ہیں اور مرکزی حکومت نے ان کا جائزہ لینے کے بعد ہی اگنی پتھ اسکیم کا آغاز کیا ہے۔م