بی جے پی اور بی آر ایس کے جلسے عام ، وزیراعظم اور چیف منسٹرس کی شرکت
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موجود محکمہ دفاع کا وسیع و عریض میدان ’پریڈ گراؤنڈ‘تلنگانہ میں حصول اقتدار کے لئے بھارت راشٹر سمیتی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے میدان جنگ میں تبدیل ہونے جا رہاہے۔ماہ فروری کے دوران شہر حیدرآباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ‘ مرکزی حکومت کے پراجکٹس کے لئے سنگ بنیاد اور پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ عام کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 17 فروری کو تلنگانہ سیکریٹریٹ کے افتتاح اور جلسہ عام کے انعقاد کے لئے پریڈ گراؤنڈ کے انتخاب کے بعد سیاسی حلقوں میں پریڈ گراؤنڈ کو ’انتخابی میدان جنگ‘ سے تعبیر کیا جانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے پریڈ گراؤنڈ میں بی جے پی اور بی آر ایس کے جلسہ عام کے ساتھ ہی ریاست میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ جائیں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی 13 فروری کو شہر حیدرآباد میں مختلف پراجکٹس بشمول سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ترقی و تزئین نو کے سلسلہ میں اقدامات کا افتتاح انجام دیں گے اور اسی دن ریاستی بی جے پی کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ پر عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات کئے جار ہے ہیں جبکہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے 17 فروری کو سیکریٹریٹ کے افتتاح کے ساتھ شہر حیدرآباد میں بھارت راشٹر سمیتی کے جلسہ عام کو قطعیت دی ہے اور اس جلسہ عام میں قومی سیاسی قائدین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ بی آر ایس کے اس جلسہ میں دو چیف منسٹراں ‘ ایک ڈپٹی چیف منسٹر کے علاوہ راشٹریہ لوک دل قائد تیجسوی یادو اور دیگر کی شرکت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق 13 فروری کو بی جے پی کے جلسہ عام کے بعد 17 فروری کو بی آر ایس کے جلسہ عام کی تیاریاں عروج پر ہیں اور کہا جار ہاہے کہ 13 فروری کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا جلسہ عام ہوجانے کے بعد بھارت راشٹرسمیتی اپنے 17 فروری کے جلسہ عام میں اس سے زیادہ تعداد میں عوام کو جمع کرتے ہوئے اپنے جلسہ عام کو کامیاب قرار دینے کی کوشش کرے گی بلکہ بی آر ایس کے اس دوسرے جلسہ عام میں چیف منسٹر تمل ناڈو اور چیف منسٹر جھارکھنڈ کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر بہار کی شرکت سے اس جلسہ کی کامیابی کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ اس جلسہ عام میں بی آر ایس کے نظریات اور پالیسی کے علاوہ قومی سیاست پر حکمت عملی کا بھی انکشاف کرسکتے ہیں۔م