سگریٹ ، تمباکو مصنوعات اور کولڈرنکس کی قیمتوں میں اضافہ متوقع !

   

جی ایس ٹی 28 فیصد سے بڑھاکر 35 فیصد کرنے کی سفارش ، 21 دسمبر کو جی ایس ٹی کونسل کا اجلاس
1500 تا 10 ہزار کے درمیان کپڑوں کی قیمت پر 18 فیصد اور اس سے زیادہ کی قیمتوں پر 28 فیصد جی ایس ٹی وصول کرنے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سگریٹ ۔ تمباکو کی مصنوعات اور کولڈرنکس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے امکانات ہیں ۔ ان پر عائد موجودہ جی ایس ٹی 28 فیصد سے بڑھاکر 35 فیصد کرنے کی نائب چیف منسٹر بہار سمراٹ چودھری کے زیر قیادت وزراء کے گروپ ( جی او ایم ) نے سفارش کی ہے ۔ جس کا 21 دسمبر کو مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی صدارت میں منعقدہ جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں ملک کے مختلف ریاستوں کے وزرائے فینانس شرکت کریں گے ۔ جی ایس ٹی کونسل میں سفارشات کو منظوری دینے پر ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا ۔ سگریٹ کے ساتھ تمباکو اور تمباکو کی مصنوعات پر 35 فیصد ٹیکس عائد کرنے سے بیڑی ، گٹکھا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا ۔ اس کے علاوہ کپڑوں پر عائد ہونے والے جی ایس ٹی کی شرحوں کو معقول بنانے جی او ایم نے اپیل کی ہے ۔ 1500 روپئے تک ریڈیمیڈ گارمنٹس پر 5 فیصد ، دیڑھ ہزار سے 10 ہزار روپئے کے درمیان قیمتوں کے ملبوسات پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ 10 ہزار سے زیادہ قیمتوں کے کپڑوں پر 28 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ فی الحال جی ایس ٹی کے 4 سلابس 5 ۔ 12 ۔ 18 اور 28 ہے ۔ جی او ایم کی تازہ سفارش کردہ 35 فیصد سلاب کو جی ایس ٹی کونسل میں منظوری ہوتی ہے تو سلابس کی تعداد بڑھ کر 5 تک پہونچ جائے گی ۔ فی الحال کاروں کے علاوہ چند پرتعیش اشیاء اور صحت کو نقصان پہونچانے والی اشیاء پر 28 فیصد جی ایس ٹی کے علاوہ خصوصی سیس عائد کیا جارہا ہے ۔ سگریٹ ، تمباکو ، تمباکو کی مصنوعات اور سافٹ ڈرنکس کو 35 فیصد جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کے بعد ان پر خصوصی سیس عائد کیا جائے یا نہیں اس پر جی او ایم نے کوئی وضاحت نہیں کی ۔ دوسری جانب 21 دسمبر کو منعقد ہونے والے جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس کے بعد انشورنس شعبہ پر عائد ہونے والے جی ایس ٹی پر فیصلہ ہوگا یا نہیں اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ فی الحال اس پالیسی پر 18 فیصد جی ایس ٹی لاگو ہے ۔ اس بوجھ کو ختم نہیں کیا گیا تو 2047 تک سب کے لیے انشورنس کا منصوبہ خواب بن کر رہ جائے گا ۔ کم از کم سینئیر سٹیزن کے ہیلت انشورنس کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ انشورنس سیکٹر کی 21 دسمبر کو منعقد ہونے والے اجلاس پر نظریں ٹکی ہوئی ہیں ۔۔ 2