سگنل پر بھیک مانگنے والے زنخےاب ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں مصروف

   

حیدرآباد25دسمبر (یواین آئی) زنخوں کی بہبود اوران کیلئے روزگار کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نئی سونچ کے نتیجہ میں اب زنخے حیدرآباد میں بھیک مانگنے کے کام کے بجائے باضابطہ طورپرٹریفک والنٹرس کے طورپر شہر کے منتخب ٹریفک سگنلس پر ٹریفک کوباقاعدہ بنانے کا کام کررہے ہیں۔کانگریس کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں دکھایاگیا ہے کہ ایک زنخہ پہلے ٹریفک پر رکی گاڑیوں میں سوارافراد سے بھیک مانگنا کرتا تھا تاہم اب یہ ٹریفک والنٹر کے طورپر خدمات انجام دے رہا ہے جس پراس کی براداری سے تعلق رکھنے والا ایک زنخہ اس سے جذباتی ملاقات کررہاہے ۔

اور ٹریفک والنٹر کے طورپر خدمات پر خوشی کا اظہار کررہا ہے ۔

ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے تجربہ کے طورپر شہر حیدرآباد میں ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے ان زنخوں کی خدمات ٹریفک والنٹرس کے طورپرحاصل کی گئی ہیں۔ان کو مناسب تربیت دی گئی جس کے بعد انہوں نے اپنی خدمات کاآغاز کردیا۔ یہ ہندوستان کا پہلا زنخوں کی سرکاری طورپر بھرتی کا پروگرام ہے ۔اس کا مقصد اس طبقہ کی بہبود ہے ۔وزیراعلی ریونت ریڈی کی ہدایت کے بعد 39 زنخوں کی خدمات تربیت کی تکمیل کے بعد اس مقصد کے لئے حاصل کی گئی۔