سی اے اے مخالف مظاہرے حسین کو دو سال کے بعد ضمانت

   

الٰہ آباد: الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مسلم نوجوان، حسین، کو 26 ماہ (802 دن) بعد ضمانت دے دی جس کو کانپور پولیس نے سی اے اے مخالف مظاہروں میں مبینہ کردار کیلئے گرفتار کیا تھا۔ جسٹس منیش ماتھر کی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ایف آئی آر میں ملزم کا نام نہیں ہے اور ریکارڈ پر کوئی ثبوت نہیں ہیکہ وہ اس ہجوم کا حصہ تھا جس نے احتجاج میں حصہ لیا۔ حسین عرف آشوکو 22 اگست 2020 کو کانپور، اترپردیش میں 20 دسمبر 2019 کو ہونے والے احتجاج میں مبینہ طور پر حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔حسین پر آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس حقیقت کا نوٹس لیتے ہوئے کہ ایف آئی آر میں حسین کا نام نہیں تھا اور 22 اگست 2020 سے جیل میں ہونے کے باوجود اس کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع نہیں ہوئی، عدالت نے ذاتی مچلکے اور مساوی رقم کی دو ضمانتیں جمع کرانے پر ضمانت دے دی۔