سی بی آئی :راؤ کی تقرری کو چیلنج ، سماعت آئندہ ہفتے

   

نئی دہلی، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس)کے افسر ایم ناگیشور راؤ کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کا عبوری ڈائریکٹر بنائے جانے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر اگلے ہفتے سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی تین رکنی بینچ نے غیر سرکاری تنظیم کامن کاج کی عرضی پر سماعت کے لئے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں اگلے ہفتے سماعت کرے گی۔اس سے پہلے کامن کاج کی جانب سے وکیل پرشانت بھوشن نے چیف جسٹس کی بنچ کے سامنے معاملے کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور عرضی کو جمعہ (18 جنوری تک) سماعت کے لئے فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی۔جسٹس گوگوئی نے اگرچہ مسٹر بھوشن سے کہا کہ وہ درخواست کی سماعت کیلئے تیار ہیں، لیکن جمعہ تک اسے فہرست میں شامل کر پانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس درخواست پر اگلے ہفتے ہی سماعت ممکن ہے ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت والی اعلی سلیکشن کمیٹی نے آئی پی ایس افسر آلوک ورما کو سی بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔اس کے بعد تقرری معاملوں کی کابینہ کمیٹی نے مسٹر راؤ کو اگلے حکم تک جانچ ایجنسی کا عبوری ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا جسے عدالت میں چیلنج کیا
گیا ہے ۔

وزیراعظم سے انیل کپور کی ملاقات
نئی دہلی ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اداکار انیل کپور کی آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوئی۔ 62 سالہ اداکار اپنے ٹوئیٹر پر یہ خبر شائع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے محترم وزیراعظم نریندر مودی سے آج ملاقات کا موقع حاصل ہوا جس کی وجہ سے مجھے انکساری کا احساس ہوا اور ہماری بات چیت سے مجھے تحریک بھی حاصل ہوئی۔