سی پی آئی (ایم) کی مہنگائی، ایندھن اور اقتصادی بحران پر مرکز پر شدید تنقید

   

نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے چہارشنبہ کو نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، ایل پی جی سلنڈر کی قلت، مہنگائی، بے روزگاری اور منڈلاتا ہوا زرعی بحران ملک کو ایک سنگین اقتصادی بحران کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ایک بیان میں سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری ایم اے بیبی نے دعویٰ کیا کہ قلت کی وجہ سے ملک بھر میں لوگ گیس سلنڈر کے لیے بلیک مارکیٹ (چور بازاری) پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں بار بار ہونے والے اضافہ سے ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ بیبی نے کہا کہ گیس سلنڈر کی قلت ہے ، اس لیے بلیک مارکیٹ پر انحصار کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے ۔ ایندھن کی قیمتوں میں دو بار اضافہ کیا جا چکا ہے اور اندیشہ ہے کہ مزید اضافہ ہوگا۔ اس کا اثر ابھی سے ضروری اشیاء کی قیمتوں پر دیکھا جا رہا ہے ۔