سی پی آئی رہنما ڈاکٹر نارائنا کی چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات

   

امراوتی میں راجیشور راؤ فاؤنڈیشن کیلئے اراضی الاٹ کرنے سے اتفاق
حیدرآباد ۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی قائد اور سی آر فاؤنڈیشن کے اعزازی صدر ڈاکٹر کے نارائنا نے چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور فاؤنڈیشن کے اولڈ ایج ہوم کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ چنڈرا راجیشور راؤ فاؤنڈیشن جو حیدرآباد کے کونڈا پور میں واقع ہے، کی جانب سے پانچ ایکر اراضی پر ایک ماڈل اولڈ ایج ہوم کامیابی سے چلایا جارہا ہے۔ ملک میں ضعیف العمر افراد کی نگہداشت کا یہ ایک مثالی مرکز بن چکا ہے۔ سی پی آئی رہنما راجیشور راؤ کی آخری خواہش کی تکمیل کرتے ہوئے اولڈ ایج ہوم کا آغاز کیا گیا۔ سابق چیف منسٹر وجئے بھاسکر ریڈی اور سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ نے فاؤنڈیشن کی ہرممکن مدد کی۔ متحدہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اولڈ ایج ہوم میں سہولتوں میں اضافہ کیلئے ضروری منظوریوں کو یقینی بنایا تھا۔ سی آر فاؤنڈیشن کا اولڈ ایج ہوم قومی سطح پر اپنی شناخت بناچکا ہے ۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد فاؤنڈیشن کو آندھراپردیش میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ڈاکٹر نارائنا نے فاؤنڈیشن کے لئے اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی وزیر نارائنا کو اس سلسلہ میں مثبت قدم اٹھانے کی ہدایت دی۔ ڈاکٹر نارائنا نے امید ظاہر کی کہ امراوتی میں فاؤنڈیشن کیلئے اراضی الاٹ کی جا ئے گی۔ اور وہاں بھی اولڈ ایج ہوم قائم کیا جائے گا۔ 1/k/k/b