سی پی آئی کی جانب سے 4 جون کو کتہ گوڑم میں پرجا گرجنا

   

ایک لاکھ افراد کی شرکت، جی او 111 سے دستبرداری کی مخالفت، قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔23۔مئی (سیاست نیوز) سی پی آئی نے اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے4 جون کو کتہ گوڑم میں پرجا گرجنا منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے ۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور دیگر قومی قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ ، قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ، قومی سکریٹریٹ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین نے آج پریس کانفرنس میں پرجا گرجنا کا پوسٹ جاری کیا۔ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرنے کیلئے سی پی آئی قومی سطح پر بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ مہم کا اہتمام کرچکی ہے۔ اس مہم کے تحت یہ ریاست کے تمام علاقوں میں پد یاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی گئی۔ سامبا سیوا راؤ نے بتایا کہ مرکزی حکومت فرقہ وارانہ منافرت کے ذریعہ سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ سیکولرازم اور جمہوریت کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کے خلاف سی پی آئی مہم چلا رہی ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ میں 134 عام جلسے منعقد کئے گئے اور 10 لاکھ افراد سے ربط قائم کرتے ہوئے سی پی آئی کے 5 لاکھ کارکنوں نے مخالف حکومت پالیسیوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے اختتام پر 4 جون کو پرجا گرجنا کتہ گوڑم میں منعقد ہوگا۔ 2000 کے کرنسی نوٹ سے دستبرداری کے فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت تغلق طرز حکمرانی پر گامزن ہے۔ کالے دھن کے نام پر سابق میں نوٹ بندی کی گئی جس سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کو درپیش مسائل کو سی پی آئی پیش کرے گی ۔ دھرانی پورٹل ، سنگارینی کالریز ، آر پی سی ، آؤٹ سورسنگ و کنٹراکٹ ملازمین دلت اور گریجن طبقات کے مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے جی او 111 کی برخواستگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عثمان ساگر اور حمایت ساگر ذخائر آب کو نقصان پہنچانے کیلئے رئیل اسٹیٹ تاجروں کی مدد کی جارہی ہے۔ سی پی آئی قائدین نے کھمم کی طرح حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں صحافیوں کیلئے امکنہ اراضی الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ کرناٹک کے حالیہ نتائج کا تلنگانہ پر اثر پڑے گا۔ کرناٹک سے متصل تلنگانہ کے اضلاع نتائج سے متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی او 111 کے مسئلہ پر سی پی آئی کل جماعت اجلاس طلب کرے گی۔ر