دوستانہ مناظر، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل، اجلاس میں عوامی اور تنظیمی فیصلے
حیدرآباد ۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) دہلی میں منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اہم اجلاس میں پارٹی کے سرکردہ قائدین نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ کانگریس کے دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل ایک دلچسپ اور خوشگوار منظر دیکھنے میں آیا۔ جب چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے ساتھ دوستانہ اور بے تکلف گفتگو کی۔ اس موقع پر قائدین کے درمیان خوشگوار ماحول نمایاں رہا جس سے پارٹی کے اندر اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام گیا ہے۔ اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جنہیں پارٹی کے ذرائع کانگریس قیادت کے باہمی اعتماد اور یکجہتی کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ ادھر میٹنگ کے دوران کئی اہم سیاسی اور تنظیمی فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس کے بعد راہول گاندھی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ روزگار کی ضمانت اسکیم کو بچانے کے لئے ملک گیر سطح پر جدوجہد کریں گے۔ انہوںنے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی گاندھی جی کے نام کو اسکیم سے ہٹانا بابائے قوم کی توہین ہے۔ راہول گاندھی نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ کابینہ میں فیصلہ کئے بغیر اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مناسب بحث کے بغیر گاندھی جی کا نام تبدیل کیا گیا جو جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔ راہول گاندھی نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی عوامی مفادات، دستوری اقدار اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے سڑک سے پارلیمنٹ تک آواز بلند کرتے رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ روزگار شسماجی انصاف اور عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 2
