حیدرآباد میں پرواز 3.0 کا افتتاح، مرکزی وزیر کشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔5 ۔اگست (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ شمال مشرقی ریاستوں میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ وہ علاقہ سیاحت کے فروغ میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سیاحتی ٹرانسپورٹ سے وابستہ اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے کام کریں۔ کشن ریڈی حیدرآباد میں پرواز 3.0 کا افتتاح کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں سیاحت کے سلسلہ میں زائد بسوں کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت نے شمال مشرقی ریاستوں میں سڑکوں کی ترقی پر 80 ہزار کروڑ خرچ کئے ہیں۔ مستقبل قریب میں مزید 50 ہزار کروڑ خرچ کئے جائیں گے ۔ شمال مشرقی ریاستوں میں سڑکوں کے رابطہ کو بہتر بنایا گیا ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ شمال مشرقی علاقہ سابق میں انتہا پسندی کیلئے شہرت رکھتے تھے لیکن اب ناگا لینڈ اور دیگر علاقوں میں صورتحال پرامن ہے۔ 6000 سے زائد افراد نے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جموں و کشمیر میں صورتحال میں بہتری آئی ہے اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سیاحت سے متعلق امور کی یکسوئی کیلئے مرکزی وزیر فینانس کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا تیقن دیا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ حکومت عوام کی بھلائی کیلئے ہے نہ کہ خاندانی حکمرانی کیلئے۔ نریندر مودی حکومت کرپشن سے پاک نظم و نسق فراہم کرنا چاہتی ہے۔ گزشتہ 8 برسوں میں حکومت نے کئی اصلاحات پر عمل کیا۔ سرکاری دفاتر میں معمولی اشیاء کی خریدی کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔ اٹل بہاری واجپائی دور حکومت میں 90 ہزار کیلو میٹر سڑکوں کا اضافہ ہوا تھا جبکہ نریندر مودی نے 70 ہزار کیلو میٹر کی توسیع کی ہے۔ 2024 ء تک سڑکوں کا معیار امریکی سڑکوں کے مساوی ہوجائے گا ۔ کشن ریڈی کے مطابق 2024 تک مزید 54 نئے ایرپورٹ تعمیر کئے جائیں گے اور ایرپورٹس کی تعداد بڑھ کر 118 ہوجائے گی۔ حکومت 21 نئے گرین ایرپورٹس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کشن ریڈی نے گھر گھر ترنگا مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر پرسنا پٹوردھن صدر بس اینڈ کار آپریٹرس کانفیڈریشن آف انڈیا ، سنیل کمار صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ بس آپریٹرس اسوسی ایشن اور اے افضل جنرل سکریٹری بس اینڈ کار آپریٹرس کانفیڈریشن موجود تھے۔ر