جامع سیاحتی پالیسی تیار کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔14۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے علاوہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں سیاحت کی ترقی پر چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے بے شمار وسائل موجود ہیں لیکن سابق میں ان کی تشہیر پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی اور جدید طریقہ کار اختیار نہ کرنے کے سبب سیاحت کے شعبہ کو ترقی حاصل نہ ہوسکی۔ تلنگانہ کی عظیم تاریخ کو موجودہ دور سے مربوط کرتے ہوئے مستقبل کی راہیں ہموار کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے نیم شہری اور دیہی علاقوں میں سیاحتی سرمایہ کاری کی صورت میں مراعات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناگرجنا ساگر بیاک واٹر میں بورڈ ہاؤز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تلنگانہ کو سیاحت کے اہم مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے جنگلاتی علاقوں اور مندروں کو ترقی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جین اور بدھ مت کے تاریخی مقامات کو ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ سیاحت کی ترقی کیلئے مبسوط پالیسی تیار کریں تاکہ ریاست کی آمدنی کے علاوہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں ۔ ریاست میں ایڈوینچر اسپورٹس کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ طبی سہولتوں کیلئے تلنگانہ آنے والے غیر ملکی افراد کو تلنگانہ کے سیاحتی مقامات سے آگاہ کیا جائے گا ۔ اجلاس میں وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ ، ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین رمیش ریڈی ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دوسروں نے شرکت کی۔ 1