سیاحتی مقامات کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح: بھٹی وکرامارکا

   

ریاستی وزراء کے ہمراہ کھمم کا دورہ، ترقیاتی پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد ۔ 12 (سیاست نیوز) متحدہ کھمم ضلع میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ، ٹی ناگیشور راؤ اور ٹی سرینواس ریڈی کے ہمراہ مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کھمم ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھمم میں موجود مہاتما بدھ کے تاریخی مقام کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ رکن پارلیمنٹ کھمم رگھورام ریڈی اور مقامی قائدین نے مہاتما بدھ سے وابستہ تاریخی مقام کی اہمیت سے واقف کرایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی کے لئے عہدیداروں کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جلد از جلد پراجکٹ رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے تمام سیاحتی مقامات کی ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں کئی سیاحتی مراکز موجود ہیں اور حکومت انہیں ترقی دیتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے اور بجٹ میں حکومت نے سیاحتی مقامات کی ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ سیاحتی شعبہ کی ترقی کے لئے مرکز سے فنڈس حاصل کئے جائیں گے۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ کھمم ٹاؤن کے قریب 500 ایکڑ اراضی پر ٹورازم مرکز قائم کیا جائے گا۔ ریاستی وزراء نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے اور 8 ماہ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ 1