بھائی پون کلیان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) میگا اسٹار چرنجیوی نے موجودہ سیاسی ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاست میں برقرار رہنا ان کیلئے کافی مشکل ہے۔ شہر میں ایک کالج پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے چرنجیوی نے سیاست اور سیاسی زندگی کے بارے میں دلچسپ ریمارکس کئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں باتیں سننی پڑتی ہیں اور کہنی پڑتی ہیں ۔ بسااوقات میں یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہوں کہ کیا مجھے سیاست کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے بھائی پون کلیان کے سیاسی مستقبل پر تبصرہ میںنیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی دن وہ پون کلیان کو بڑے عہدے پر دیکھیں گے۔ چرنجیوی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم اور فلمی زندگی کے بارے میں اپنے تجربات بیان کئے۔ چرنجیوی نے اسی کالج سے تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الوقت سیاست سے دور ہیں اور فلموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سابق میں کہا تھا کہ اگرچہ وہ سیاست سے دور ہیں لیکن سیاست ان سے دور نہیں ہوئی ہے لیکن آج ان کے تازہ تبصرہ سے سیاست سے بیزارگی کا اظہار ہوتا ہے۔ر