انتخابی مہم کے دوران نفرت نہ پھیلائیں ، سرکردہ قائدین کے خلاف مقدمات ، الیکشن کمیشن آف انڈیا
حیدرآباد۔15۔ مئی (سیاست نیوز) ملک میں انتخابات کے دوران قومی سیاسی جماعتوں کے اسٹار کیمپینرس دیگر قائدین کے لئے مثال بنیں اور اپنے کسی بھی عمل کے ذریعہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست کے قومی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اس بات کی اپیل کی کہ وہ آئندہ تین مرحلوں کے دوران دیگر سیاسی قائدین کے لئے مثال بنیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تقاریر کے ذریعہ عوام کو متنفر کرنے کے بجائے انہیں جوڑنے کی بات کریں ۔ انہو ںنے بتایا کہ یہ سیاسی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران نفرت نہ پھیلائیں بلکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور ایسی تقاریر نہ کریں جو کہ سماج میں تفریق پیدا کرتی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اب تک انہیں موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر ملک کی سرکردہ سیاسی جماعتوں کے کئی اہم قائدین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے الفا ظ کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں ۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے خلاف بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین جو انتخابی مہم کا حصہ ہیں ان سے امیدہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کریں گے اور آئندہ 3مرحلوں کے اختتام تک اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ اگر سیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے سے گریز کرتے ہوئے سماجی تانے بانے کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں تو ایسی صورت میں انتخابات کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ یا عوام کے درمیان نفرت نہیں پھیلے گی بلکہ رائے دہندے ہندستانی کی حیثیت سے اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔3