سیدھی بس حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی

   

سیدھی: مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی کے چرہٹ تھانہ علاقے میں سیدھی ریوا روڈ پر دیر رات ایک ٹرک کے کم از کم دو بسوں سے ٹکرانے کے خوفناک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے ۔ چرہٹ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ ایس پی مشرا نے یواین آئی کو بتایا کہ اس حادثے میں اب تک 15 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کچھ زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے ریوا بھیجا گیا ہے ۔ وہیں کچھ شدید زخمیوں کو گروگرام کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سیدھی ضلع سے کچھ فاصلے پر واقع ستنا ضلع میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے بعد گاؤں والے بسوں کے ذریعے سیدھی ضلع واپس آ رہے تھے ۔ چرہٹ تھانہ علاقے کے موہنیا ٹنل علاقے میں ایک جگہ تین بسوں کو روکا گیاتھا۔ اسی دوران تیز رفتار ٹرک نے بسوں کو ٹکر مار دی۔ جس کی وجہ سے دو بسوں کو شدید نقصان پہنچا اور ایک بس کو نسبتاً کم نقصان پہنچا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرک میں سیمنٹ کی بوریاں لدی ہوئی تھیں۔