ابوالحسن
تاریخِ اسلام میں چند عظیم شخصیات ایسی ہیں جن کی زندگی کے ہر پہلو میں نورِ ہدایت جھلکتا ہے، اور جن کے کردار سے قیامت تک انسانیت روشنی حاصل کرتی رہے گی۔ انہی مقدس نفوس میں سے ایک درخشاں اور لازوال نام حضرت فاطمہ الزہراءؓ کا ہے۔ آپؓ وہ پاکیزہ اور مبارک ہستی ہیں جنہیں رسولِ اکرم ﷺ نے ”سیدۃ نساء اہل الجنۃ“یعنی جنت کی عورتوں کی سردار قرار دیا۔حضرت فاطمہؓ کی زندگی عورت کے لئے کامل نمونہ، بیٹی کے لئے بہترین تربیت، بیوی کے لئے مثالی کردار، ماں کے لئے تربیتِ اولاد کی زندہ تصویر اور کامل مسلمان کے لئے تقویٰ و طہارت کا عملی درس ہے۔ آپ ؓکے مشہور القاب زہراء، سیدۃ نساء العالمین، ام السبطین، اُم الحسنین، خاتون جنت، طاہرہ، مرضیہ، سیدہ اور بتول ہیں۔ حضور اکرم ﷺکی چار شہزادیوں میں سب سے چھوٹی اور سب سے محبوب شہزادی حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا ہیں۔ یہی وہ ہیں جنھیں حضور اکرم ﷺ کی مکمل شباہت حاصل اور یہی رازدانِ مصطفی ﷺ بھی تھیں۔ آپؓ کے کثیر فضائل جمع کئے گئے لیکن مختصر تحریر پیش خدمت ہے جس میں معنیٔ کوثر اور سیدہ فاطمۃ الزھراء رضی اللہ عنہا کی شانِ اقدس کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ چنانچہ قرآن میں ارشاد ہوتا ہے: ’’بیشک ہم نے آپ کو (ہر خیر و فضیلت میں) بے انتہا کثرت بخشی ہے o پس آپ اپنے رب کے لئے نماز پڑھا کریں اور قربانی دیا کریں (یہ ہدیۂ تشکر ہے) o بیشک آپ کا دشمن ہی بے نسل اور بے نام و نشاں ہوگا o (سورۃ الکوثر)
احادیثِ مبارکہ اور کتبِ تفسیر میں لفظ کوثر کے بہت معانی ہیں لیکن جس معنی کو موضوع سے موافقت ہے اور جس کو امام فخرالدین رازیؒ بیان فرماتے ہیں کہ الکوثر سے مراد حضور اکرم ﷺ کی اولاد، نسل و ذریت کی کثرت ہے۔ لہذا امام رازیؒ فرماتے ہیں کہ الکوثر سے مراد حضور ﷺ کی ذریت، نسل و اولاد کی کثرت ہے۔
اب بات رہی کہ نسل انسانی بیٹے سے چلتی ہے نہ کہ بیٹی سے تو پھر سیدہ فاطمہؓ سے کیسے حضور اکرم ﷺ کی نسل چلی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے تینوں صاحبزادے کم عمری میں وصال فرماگئے۔ یہ ختم نبوت کا راز تھا اور تمام صاحبزادے جوانی کو پہونچنے سے پہلے ہی وصال کرگئے، اسی پر طعنہ دیا گیا تھا۔ جب صاحبزادے نہ رہے تو حضور اکرم ﷺ کی نسل آگے کیسے بڑھی؟ اس کے جواب میں روایت آتی ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ’’ہر ماں کی اولاد اپنے باپ کی طرف منسوب ہوتی ہے، سوائے فاطمہؓ کی اولاد کے، کہ میں ہی اُن کا ولی ہوں، میں ہی اُن کا باپ ہوں‘‘۔ (المعجم الکبیر)جیسا کہ نظامِ قدرت ہے کہ ماں کا جو شوہر و خاوند ہوتا ہے نسل اسی کی طرف منسوب ہوتی ہے اور اسی کی اولاد کہلاتی ہے، کبھی اولاد نانا کی طرف منسوب نہیں ہوتی لیکن نظام سب کے لئے ہے سوائے حضرت سیدہ فاطمہؓ کی اولاد کے۔ اب سیدہ فاطمہؓ کی اولاد حضرت علیؓ کی طرف منسوب نہیں ہوگی بلکہ حضور ﷺ کی طرف منسوب ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ حضور ﷺ نے کبھی امام حسن و حسین رضی اللہ عنہما کو اپنا نواسہ نہیں کہا بلکہ جب بھی فرمایا تو یہی کہ یہ دونوں میرے بیٹے ہیں۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ: ’’ہر عورت کی اولاد کا نسب اپنے باپ کی طرف سے ہوتا ہے سوائے فاطمہؓ کی اولاد اور ذریت کے، اس کا نسب بھی میں ہوں، اس کا باپ بھی میں ہوں‘‘۔ (مسند احمد) ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ: ’’ہر ماں کی اولاد کا عصبہ اس کا باپ ہوتا ہے اور اس کی طرف وہ منسوب ہوتی ہے سوائے فاطمہؓ کی اولاد کے، ان کا باپ میں ہونگا اور وہ میری طرف منسوب ہوگی‘‘۔ (مستدرک حاکم)
پس حضور نبی اکرم ﷺ نے اس طرح سے آلِ رسول کے نسب کو اپنی طرف منسوب فرمایا اور سیدہ کائنات فاطمۃ الزھراء رضی اللہ عنہا کی جمیع اولاد و ذریت کے ولی و باپ ٹھہرے۔ اللہ تعالیٰ نے اس طعنہ کا جواب دیا اور فرمایا کہ اے حبیب ﷺ! میں آپ کی نسل و ذریت کو اتنا بڑھاؤں گا اور اس میں اتنی کثرت و برکت پیدا کرونگا کہ قیامت تک آپؐ کی نسل و ذریت باقی رہے گی اور آپ ؐکے دشمنوں کی نسلیں مٹ جائیں گی۔ مگر کیونکہ آپؐ کے کوئی صاحبزادے باحیات نہ رہے لہذا اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ کی نسل و ذریت کو قیامت تک پھیلانے کیلئے بیٹے کا مقام سیدہ فاطمہؓ کو دیا۔ پس جس کثرتِ نسل کی کوثر حضور ﷺ کو عطا کی گئی اس کی نہر سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کو بنایا گیا۔ اس طرح اس معنیٰ کی رو سے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کوثرِ ذریت محمد ﷺ ہیں۔ شانِ اقدس کی وہ جلالت ہے کہ تنہا قیامت تک ہونے والی آلِ رسول ﷺ کی آپؓ ہی اصل و مرکز ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپؓ کی ذات گرامی، سیرت و کردار اور شان و عظمت سے ہمیں فیضیاب فرمائے اور آپؓ کی اولاد و ذریت سے محبت و مودت عطا فرمائے اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے سبب حضور ﷺ کی التفات کا حقدار بنائیں۔آمین