سیف علی خان پر حملہ‘چاقو کے6 سنگین وار، لیلاوتی ہاسپٹل میں سرجری

,

   

حملہ آور کی تلاش کیلئے مقامی اور کرائم برانچ کی 15 ٹیمیں تشکیل ‘مختلف زاویوںسے تحقیقات

ممبئی: بالی و وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان اپنے گھر میں گھسنے والے چور کے حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔انہیں فوری لیلا وتی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی۔اطلاعات کے مطابق اپنے خاندان کی حفاظت کے دوران چور سے لڑائی کے دوران اداکار کے جسم پرچاقو کے گہرے 6 زخم آئے۔ ممبئی پولیس نے کہا کہ سیف علی خان پر حملہ چہارشنبہ اور جمعرات کی رات ان کے گھر میں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ سیف علی خان کے علاوہ ان کے اسٹاف کی ایک خاتون رکن پر بھی چاقو سے حملہ کیا گیا تاہم اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ کرینہ کپور کے علاوہ خاندان کے دیگر ارکان بھی محفوظ ہیں۔پولیس کی جانب سے ملزمین کی گرفتاری اور واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات کے لیے کم از کم 15 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور سیف علی خان کی سوسائٹی میں موجود تھا۔یہ واردات جمعرات کی صبح تقریباً 3.30 بجے پیش آئی۔ واضح رہے کہ سیف خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ باندرہ ویسٹ میں اپنی بیوی کرینہ کے گھر ستگورو شرن میں سو رہے تھے۔ چوری کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ لیلاوتی ہاسپٹل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر نیرج اتمانی نے بتایا کہ سیف کو 3.30 بجے ہاسپٹل لایا گیا۔ان کے 6 زخم میں سے دو بہت گہرے تھے ۔ ہم نے ان کا آپریشن کر دیا ہیں۔ یہ آپریشن نیورو سرجن نتن ڈانگے اور کاسمیٹک سرجن لینا جین نے کیا۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ سیف کو پہلے چاقو مارا گیا یا چور کے ساتھ ہاتھا پائی میں وہ زخمی ہوے۔ ممبئی پولیس اور کرائم برانچ دونوں اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ایک سینئر آئی پی ایس افسر نے بتایا کہ چوروں کا سراغ لگانے کے لیے مقامی اور کرائم برانچ کی مجموعی طور پر 15 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ چور، مزدور، ملازمہ، ڈرائیور اور گارڈ ان سب اینگل سے پولیس تفتیش کر رہی ہے ۔اس دوران پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے میں دو مشتبہ افراد کو دیکھا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے کوئی حملہ آور ہو سکتا ہے ۔ پولیس ابھی تک اس فیصلے پر پہنچنے سے قاصر ہے کہ ان میں سے کوئی وہاں تھا یا نہیں۔ ان دونوں کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس پچھلے ایک ہفتے میں کام کے لیے گھر آنے والوں سے پوچھ تاچھ کرے گی۔ پولیس ڈرائیور اور عمارت کے گارڈ سے بھی تفشیش کر رہی ہے ۔سیف علی خان کے گھر میں پچھلے دو تین دنوں سے فرش پالش کرنے کا کام جاری ہے ۔ پولیس ان مزدوروں سے بھی پوچھ تاچھ کر رہی ہے ۔ ممبئی پولیس ملازمہ سے بھی تحقیقات کرے گی، فی الحال ملازمہ زخمی ہے ۔ حملہ آور نے اس پر بھی حملہ کیا تھا۔پولیس گھر میں چوری کے زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے کہ گھر میں داخل ہونے والے شخص نے چوری کی نیت سے ایسا کیا یا اس کا مقصد کچھ اور تھا۔پولیس کو ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ سیف پر حملہ کرنے والا ملزم چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا۔ سیف علی خان کی ٹیم کی جانب سے ایک آفیشل بیان سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیف علی خان کی سرجری ہوچکی ہیں اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔ وہ فی الحال صحت یاب ہو رہے ہیں اور ڈاکٹرس ان کی پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔