سیف علی خان کا گھر میں گزشتہ سال کے چاقو حملے پر نیا انکشاف

   

ممبئی ، 28 جون (ایجنسیز) بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان نے ممبئی میں اپنے گھر کے اندر چاقو حملے میں زخمی ہونے کے زائد از ایک سال بعد اس واقعے کی تفصیلات سے پردہ اٹھایا ہے اور نیا انکشاف کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق سیف نے بتایا ہے کہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ میں16 جنوری 2025 کو چاقو سے حملہ کرنے والے نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے چھوٹے بیٹے جہانگیر (جے) کو بھی زخمی کردیا تھا۔ حملہ آور بظاہر چوری کی نیت سے سیف کے گھر میں داخل ہوا اور اس دوران اداکار پر چاقو کے 6 وار کیا تھا، جن میں ایک خطرناک زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا، جس کے بعد انہیں فوری طور پرعلاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ سیف نے حال ہی میں اس واقعے پر کھل کر بات کی اور اعتراف کیا ہے کہ اس خوفناک رات کی یادیں آج بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑتی۔ سیف نے کہا کہ چور باتھ روم کی کھڑکی سے گھر میں داخل ہوا۔ ہم سونے کی تیاری کررہے تھے کہ آیا ہمارے کمرے میں آئی اور اس نے بتایا کہ جے کے کمرے میں ایک شخص موجود ہے، جس کے ہاتھ میں چاقو ہے اور وہ پیسوں کا مطالبہ کر رہا ہے، جس پر میں فوراً بچے کے کمرے میں گیا تو دیکھا اس نے میرے بچے کو پکڑ رکھا تھا اور بچے کو معمولی زخمی بھی کر دیا تھا اور گھریلو ملازمہ کو بھی ہلکے زخم آئے تھے۔ سیف نے بتایا کہ سب کچھ اتنی تیزی سے اور اچانک ہوا کہ زیادہ سوچنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ سیف نے اعتراف کیا کہ حملہ آور کو معاف کرنا ان کیلئے بہت مشکل ہے، اگرچہ لوگ اکثر کسی تکلیف دہ واقعے کے بعد آگے بڑھنے اور معاف کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن جب کوئی شخص آپ یا آپ کے خاندان پر حملہ کرے اور آپ کے بچوں کی جان خطرے میں ڈال دے تو ایسا کرنا کہیں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ سیف نے کہا کہ یہ دراصل معاشرے میں وسائل رکھنے والوں اور محروم لوگوں کے درمیان فرق کا مسئلہ ہے اور اسی عدم مساوات کی وجہ سے ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں۔