پٹنہ، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج کہاکہ ریاستی حکومت اپنی سطح سے سیلاب متاثرین کی ہرممکن مددکر رہی ہے اورجلدہی مرکزی حکومت کو بھی مدد کیلئے میمورنڈم بھیجا جائے گا۔ بہار اسمبلی میں وقفہ سولات کے بعد سیلاب متاثرین کی مدد کے معاملے پر راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے اراکین کے ہنگامہ کرنے پر وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہاکہ سیلاب سے متاثر کوئی بھی علاقہ چھوٹ نہ جائے اس کے لئے انہوں نے خود اور افسران نے بھی ہوائی سروے کرکے حالات کا جائزہ لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت ابھی سیلاب متاثرین کو اپنی سطح سے ہرممکن مددکررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مرکزی مدد سے متعلق ضوابط بنے ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سیلاب میں ہوئے نقصان سے متعلق ایک میمورنڈم مرکزی حکومت کو بھیجاجاتاہے جس کی تیاری ابھی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے میمورنڈم بھیجے جانے کے بعد مرکزکی ٹیم نقصان کا اندازہ کرنے کیلئے آتی ہے ۔ اس ٹیم کی رپورٹ کی بنیاد پر مرکزکوجومناسب معلوم ہوگا اس حساب سے مدد کی جائے گی ۔ نتیش کمار نے کہاکہ حکومت بہار نے سیلاب کے مد نظر مرکزی حکومت سے فی الحال دو نکات پر مدد طلب کی تھی ۔ پہلی این ڈی آر ایف کی اضافی ٹیم اور دوسری فوڈ پیکٹ پہنچانے کیلئے ہیلی کاپٹر کا مطالبہ کیا تھا ۔ مرکز نے دونوں مطالبات قبول کرلئے اور فوراً مدد پہنچا دی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ پہلے سے ہی کہتے آرہے ہیں کہ حکومت کے خزانے پر پہلا حق آفات متاثرین کا ہے ۔ حکومت اپنے خزانے سے فوری طور پر سیلاب متاثرین کی فہرست تیار کر کے فی کنبہ چھ ہزار روپے سیدھے ان کے اکائونٹ میں جمع کرارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب کی وجہ سے جن کا گھر ٹوٹا ہے یا جن کے فصل کی برباد ی ہوئی ہے انہیں بھی معاوضہ دینے کاکام شروع کر دیاگیا ہے ۔