جئے پور : ممبئی کے اوپنر پرتھوی شا آج 50 اوورس کی قومی چمپئن شپ وجئے ہزارے میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے بیٹسمین بن گئے جیسا کہ انہوں نے 152 گیندوں میں 222 رنز اسکور کئے اور ٹیم نے پانڈیچری کے خلاف مقررہ 50 اوورس میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 457 رنز کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا۔ قومی ٹورنمنٹ میں 50 اوورس کے مقابلے کا یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔ 21 سالہ شا جنہوں نے 5 ٹسٹ اور 5 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے 2019ء میں گوا کے خلاف سنجوسامسنگ کی جانب سے بنائے جانے والے ناقابل تسخیر 212 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ شا کیلئے یہ پہلی لیسٹ اے کی ڈبل سنچری ہے جو انہوں نے 142 گیندوں میں بنائی ہے۔ علاوہ ازیں اس دوران انہوں نے 32 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ شا ڈبل سنچری اسکور کرنے والے آٹھویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔ وجئے ہزارے ٹرافی کی تاریخ میں یہ چوتھی ڈبل سنچری ہے۔ شا کیلئے یہ ٹورنمنٹ میں دوسری سنچری ہے جیسا کہ انہوں نے دہلی کے خلاف پہلے مقابلہ میں بھی 105 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ لیسٹ اے میں انفرادی سب سے بڑا اسکور علی براون میں بنایا ہے جو انہوں نے 268 رنز کے ساتھ اپنے نام کیا ہے۔