شادنگر میں دھرنا سے قبل رئیل اسٹیٹ تاجرین کی گرفتاری

   

Ferty9 Clinic

ایل آر ایس کی شدید مخالفت
کانگریس قائدین کا اظہار یگانگت، کورونا وباء اور مالی بحران سے پریشان عوام کو مزید مصیبت میں ڈالنے کا حکومت پر الزام

شادنگر ۔ شادنگر میں رئیل اسٹیٹ تاجرین کے ایل آر ایس اسکیم کے خلاف آج احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کرنے والی خبر سوشیل میڈیا میں کل رات وائرل ہونے کے ساتھ ہی شادنگر پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے رئیل اسٹیٹ تاجرین اور رئیل اسٹیٹ سے وابستہ اہم قائدین کو صبح کی اولین ساعتوں میں تاجرین کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے مکانات کو پہونچ کر احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کرنے سے قبل ہی گرفتار کرلیا۔ رئیل اسٹیٹ تاجرین کی احتجاجی پروگرام کے انعقاد سے قبل گرفتاری کی اطلاع پاکر شادنگر کانگریس پارٹی قائدین ویرلہ پلی شنکر پارٹی کارکنوں کے ہمراہ شادنگر پولیس اسٹیشن پہونچکر گرفتار شدہ رئیل اسٹیٹ تاجرین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی ایل آر ایس اسکیم کے خلاف احتجاجی دھرنا منظم کرنے کاارادہ رکھنے والے قائدین سے اظہار ہمدردی اور بھرپور تعاون فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ گرفتار شدہ رئیل اسٹیٹ تاجرین اور تعاون فراہم کرنے والے کانگریس پارٹی قائدین نے ایل آر ایس اسکیم کے خلاف پلے کارڈس تھام کر احاطہ پولیس اسٹیشن شادنگر میں تلنگانہ حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف نعرے بلند کئے ۔ کانگریس پارٹی قائدین ویرلہ پلی شنکر نے احاطہ پولیس اسٹیشن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم کے نفاذ کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ تاجرین میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ایل آر ایس اسکیم کی ویرلہ پلی شنکر نے شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ملک مالی بحران میں مبتلا ہے اور کورونا وائرس کی وباء سے ریاست کی عوام ابھی پوری طرح باہر نہیں آئی ۔ ایل آر ایس اسکیم کے نفاذ کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ تاجرین میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نئے نئے اسکیمات کے نام پر ریاست کی عوام کو مزید پریشانیوں میں مبتلا کر رہی ہے ۔ ایل آر ایس اسکیم کے نفاذ کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کی عوام کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے مزید حکومت کے اس اقدام کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ شعبہ سے وابستہ کئی ایک تاجرین پریشان ہوگئے ہیں ۔ کئی ایک تاجرین کا روزگار متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت سے بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ فوری ایل آر ایس اسکیم کو برخواست کیا جائے ۔اگر تلنگانہ حکومت ایل آر ایس اسکیم کو واپس نہیں لیں گی تو احتجاج میں مزید شدت پیدا کرنے کا انتباہ دیا ۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریاست کے عام شہری پریشان ہوگئے ہیں ۔ رئیل اسٹیٹ تاجر راجو نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل آر ایس اسکیم کو فوری برخواست کیا جائے ۔ اس موقع پر محمد کبیر احمد ، محمد علی خان بابر ، محمد ابراہیم ، محمد انور ، محمد باشاہ ، سری کانت ریڈی ، بالراج گوڑ ، محمد قدیر ، سری سیلم کے علاوہ مقامی رئیل اسٹیٹ تاجرین کانگریس پارٹی قائدین اور مقامی افراد بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ گرفتار شدہ رئیل اسٹیٹ تاجرین کو شادنگر پولیس نے شخصی ضمانت پر رہا کردیا ۔