شادی مبارک اسکیم کے تحت دو لاکھ سے زائد خاندانوں کو 1751 کروڑ کی امداد

   


اوورسیز اسکالرشپ کے تحت 630 کروڑ کی اجرائی ، گروپ امتحانات کیلئے مفت کوچنگ
حیدرآباد ۔19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے اقدامات کر رہی ہے اور علحدہ ریاست کے قیام کے بعد کئی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ اقلیتوں کے غریب خاندانوں میں لڑکی کی شادی کو آسان بنانے کیلئے حکومت نے شادی مبارک اسکیم متعارف کی ہے۔ اس کے علاوہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کی تفصیلات پر مشتمل تفصیلی نوٹ حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت 217565 غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے 1751 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 630 کروڑ منظور کئے گئے ہیں۔ رمضان اور کرسمس کے موقع پر غریبوں میں ملبوسات کے تحائف پیش کئے جاتے ہیں۔ حکومت کے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی طبقات ہندوستان میں سینکڑوں برسوں سے مقیم ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ نئی ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر نے کئی اسکیمات کو متعارف کیا۔ غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی کے مسئلہ کو حل کرنے اور کم عمری کی شادیوں کو روکنے کیلئے شادی مبارک اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ ابتداء میں اس اسکیم کے تحت 51 ہزار روپئے منظور کئے گئے جبکہ 2017 ء کے بعد امدادی رقم کو بڑھاکر 75116 روپئے کردیا گیا۔ 19 مارچ 2018 ء سے حکومت نے شادی مبارک کی امداد کو 100116 روپئے کردیا ہے۔ اسکیم کے تحت ابھی تک 2 لاکھ 17 ہزار 565 مستحق لڑکیوں کو امداد جاری کی گئی ہے۔ 2022-23 ء میں اسکیم کیلئے حکومت نے 300 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ شادی مبارک اسکیم سے غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی میں غیر معمولی مدد ملی ہے ۔ کے سی آر حکومت کی اقلیتی بہبود اسکیمات کی مثال ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ تلنگانہ کے قیام کے وقت اقامتی اسکولوں کی تعداد صرف 12 تھی۔ بعد میں مزید 192 اقامتی اسکولوں کا اضافہ کیا گیا۔ 50 فیصد اسکول لڑکیوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اقامتی اسکولوں میں ایک لاکھ 14 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ چیف منسٹر اوور سیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت تاحال 630 کروڑ کی امداد جاری کی گئی۔ مالیاتی سال 2022-23 ء میں اسکیم کیلئے 100 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ نامپلی کے علاقہ میں 40 کروڑ کے خرچ سے انیس الغرباء کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے۔ 10,000 ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ 5000 روپئے اعزازیہ دیا جارہا ہے۔ رمضان المبارک میں 4 لاکھ 65 ہزار اور کرسمس کے موقع پر 5 لاکھ افراد میں ملبوسات کے تحائف تقسیم کئے گئے ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن امتحانات کیلئے اقلیتی امیدواروں کو ضلع واری سطح پر مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ر