ملکاجگیری حدود میں واقعہ، والد کی شکایت پر پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔ لڑکی نے لڑکے سے محبت کی اور شادی کیلئے اپنے والدین کو راضی بھی کرلیا تاہم رجسٹرار آفس جانے والی لڑکی پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ ملکاجگیری پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 27سالہ انوشا اچانک لاپتہ ہوگئی جو اپنی شادی کے رجسٹریشن کیلئے رجسٹری آفس روانہ ہوئی تھی اور اس بات کی اطلاع لڑکی نے اپنے والدین کو دی تھی اور سب کچھ لڑکی کی مرضی کے مطابق ہورہا تھا۔ تاہم لڑکی کے اس طرح اچانک لاپتہ ہونے پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے۔ انوشا کی اچانک گمشدگی پر اس کے والد کاشی ناتھ نے پولیس میں شکایت کردی جو مرجال گوڑہ علاقہ کا ساکن ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق انوشا نے گزشتہ روز اپنے والدین سے اس بات کا اظہار کیا تھا۔ لڑکی کی بات سن کر والدین نے بھی لڑکے سے شادی کیلئے رضامندی کا اظہار کیا اور خواہش کی کہ وہ ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کرے لیکن لڑکی رجسٹرار میریج کرنا چاہتی تھی جو 17 جون سے لاپتہ ہوگئی اور اس کے والد نے 20 جون کو شکایت درج کرائی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔
