شاریہ منظور: جنوبی کشمیر کی پہلی خاتون باکسر

   

سری نگر: وادی کشمیر کی خواتین جہاں مختلف شعبہ ہائے حیات میں اپنی ذہانت کا سکہ بٹھا رہی ہیں وہیں وہ کھیل کے میدان یہاں تک کہ مارشل آرٹس جیسے مشکل میدان کھیل میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے نہال پورہ سے تعلق رکھنے والی آہنی ارادے اور فولادی ہمت کی مالک شاریہ منظورنہ صرف اپنے ضلع کی پہلی خاتون باکسر ہیں بلکہ انہوں نے اس مشکل ترین میدان کھیل میں کئی اعزازات حاصل کئے ہیں۔ شاریہ منظور پہلے بیڈمنٹن کھیلتی تھی لیکن بعد میں ایک دن انڈور اسٹیڈیم میں باکسنگ کا مقابلہ دیکھنے کے دوران ہی ان کی اس کھیل میں دلچسپی بڑھ گئی۔ ان کا محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ’سکون‘ پروگرام میں کہنا تھا کہ باکسنگ کا مقابلہ دیکھتے ہی میری اس میں دلچسپی بڑھ گئی اور میں نے بیڈمنٹن ترک کرکے اسی میں پریکٹس کرنا شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پہل مجھے گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مجھے پہلے باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری بلکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ میری باکسنگ میں دلچسپی مزید بڑھتی ہی گئی۔ شاریہ نے سال 2021 میں منعقدہ یوتھ گیمز آل انڈیا نیشنل چمپیئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔