شام اور قطر کے وزرائے دفاع کی دوحہ میں ملاقات

   

دوحہ، 2 نومبر(ایجنسیز) شام کے وزیر دفاع میجر جنرل مرہف ابو قصرہ نے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن آل ثانی سے دوحہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، فوجی علوم میں مہارت کے تبادلے، علاقائی و بین الاقوامی صورتِ حال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شامی وفد نے قطر کی اہم فوجی اور دفاعی تنصیبات کا دورہ بھی کیا، جہاں تربیت، تکنیکی تعاون اور مشترکہ تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (سانا) کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے متعدد اعلیٰ فوجی افسران بھی شریک تھے۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجوں اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر بھی غورکیاگیا۔ دونوں جانب سے دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے بعد شامی وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ اور ان کے ہمراہ وفد نے تمیم بن حمد آل ثانی یونی ورسٹی برائے عسکری و تکنیکی علوم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فوجی علوم کے شعبے میں تعاون بڑھانے، تعلیمی و تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجربات سے استفادہ کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شامی وفد نے قطری مسلح افواج کی مشترکہ اسپیشل فورسزکمانڈکے صدر دفترکا بھی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد فوجی تعاون کو مضبوط بنانا اور تربیت کے شعبے میں قطرکے تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔واضح رہے کہ دونوں وزرائے دفاع کے درمیان اس سے قبل 4 اگست کو ٹیلی فونک گفتگو بھی ہوئی تھی، جس میں علاقائی و بین الاقوامی حالات، دوطرفہ رابطہ کاری اور خطے میں سلامتی و استحکام کے فروغ پر بات چیت ہوئی تھی۔ حالیہ ملاقات کو دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات میں مزید پیش رفت کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔