شان رسالت ؐ میں گستاخی ناقابل برداشت، حکومت کارروائی کرے یونائٹیڈ مسلم فورم کے ذمہ داروں کا بیان

   

حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخیوں اور ملک میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے تعصب کو ناقابل برداشت قرار دیا۔ فورم ذمہ داران جناب رحیم الدین انصاری، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری، مولانا میر قطب علی چشتی، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، مفتی سید صادق محی الدین، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار اور دوسروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسلام ، قرآن مجید و مسلمانوں کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کے قتل عام کی دھمکیاں دی جارہی ہیں حد تو یہ ہوگئی کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم جو ساری دنیا کیلئے رحمت بن کر آئے ہیں آپؐ کی شان میں گستاخیوں کی جرأت کی گئی۔ حکومت کی سرپرستی میں برسراقتدار بی جے پی نے دنیا کو دکھانے گستاخ و ملعون قائدین کو پارٹی سے ہٹا تو دیا لیکن ان کے خلاف کارروائی کی بجائے ان کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ فورم نے احتجاج کرنے والے پُرامن مسلم مظاہرین پر فائرنگ اور سینکڑوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی۔ فورم نے کہا کہ مسلمانوں کی املاک کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور اس کے تحفظ کیلئے مسلمان کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریگا۔ ذمہ داروں نے حکومت ہند سے گستاخی کے مرتکب ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ر