شاہین کے یارکر سے افغانی بیٹرزخمی

   

برسبین ۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں مکمل وارم اپ ہوکر ایکشن میں آگئے اور آتے ہیں انہوں نے حریف ٹیم کے بیٹر کو دواخانہ روانہ کردیا ۔برسبین میں شاہین شاہ آفریدی نے وارم اپ میچ میں افغانستان کے بیٹر رحمان اللّہ کو اپنے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند تیز یارکر کری جو ان کے بائیں پیرکی انگلیوں پر لگی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے اپیل کرنے پر افغان بیٹر کو امپائر نے آؤٹ قرار دیا۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند لگنے کے بعد افغان بیٹر کا ٹیم کے فزیو نے معائنہ کیا اور بعد ازاں انہیں میدان سے باہر لے کر جانا پڑا لیکن وہ اپنے پیروں پر چل کر نہیں جاسکے ۔افغانستان کے بیٹر کو چلنے میں مشکلات کے باعث ساتھی کھلاڑی ان کو پیٹھ پر اٹھا کر گراؤنڈ سے باہر لے کرگیا۔اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے افغان بیٹر کی خیریت بھی پوچھی۔ رپورٹس کے مطابق افغان بیٹر رحمان اللّہ کو اسکین کے لیے دواخانہ بھی لے جایا گیا۔ واضح رہے کہ وارم میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے دونوں اوپنرز کی وکٹ حاصل کی تھی۔موسم سے متاثر مقابلے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دے دیا۔ برسبین میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کی ابتدائی 2 وکٹس حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے افغان بیٹر حضرت اللّٰہ کو 9 رن پر بولڈ جبکہ رحمان اللّٰہ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔افغانستان کی تیسری وکٹ فاسٹ بولر حارث رؤف نے حاصل کی۔ انہوں نے درویش کو 3 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔افغان بیٹر نجیب اللّٰہ کو محمد نواز نے 5 رنز پر آؤٹ کیا۔ ان کا کیچ نسیم شاہ نے پکڑا۔ شاداب خان نے 81 کے مجموعی اسکور پر افغانستان کی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے ابراہیم زادران کو 35 رنز پر بولڈ کیا۔حارث رؤف نے افغان بیٹر عظمت اللّٰہ کو صفر پر بولڈ کیا۔ایک موقع پر پاکستان اور افغانستان کا میچ کچھ دیر کے لیے بارش کے باعث روک دیا گیا تھا لیکن جب پاکستانی اننگز میں بارش نے پھر مقابلے کو متاثر کیا تو اس میچ کو بغیر نتیجہ کے ختم کردیا گیا۔ میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاداب خان، آصف علی، محمد وسیم، حارث روف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور محمد حسنین شامل ہیں۔انگلینڈ کے خلاف منعقدہ پہلے وارم اپ مقابلے میں رضوان اور بابر نے بیٹنگ نہیں کی تھی ۔یادرہے کہ شاہین آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے ایشیاکپ نہیں کھیل پائے تھے جبکہ انہوں نے گزشتہ ورلڈکپ میں ہندوستان کے خلاف شاندار بولنگ کی تھی اور اب پھر ہندوستان کے خلاف مقابلے میں ان کی موجودگی اس مقابلے کودلچسپ بنادے گی ۔