ناندیڑ : تین افراد نے ایک نوجوان کو اس کے گھر کے قریب شراب پینے سے منع کرنے پر چاقو سے وار کر کے قتل کردیا ۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح پرانے ناندیڑ کے دیگلور ناکہ علاقہ کے بلال نگر میں پیش آیا ۔ اس سلسلہ میں ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔اسلم ، اکرم اور عامر 13جولائی کی شام بلال نگر میں سید ارباز ، سید یونس کے گھر کے پیچھے شراب پی رہے تھے ۔ اس وقت سید سلمان نے انہیں شراب پینے سے منع کیا ۔ چنانچہ اکرم ،عامر اور ان کے بھائی کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ اس وقت گلی کے لوگوں نے ثالثی کے ذریعہ معاملہ کو رفع دفع کردیا تھا ، لیکن پھر 14 جولائی رات ایک بجے کے قریب جب سلمان گھر پر تھا اکرم اور اسلم اور عامر گھر کے سامنے آئے ۔ فون کرنے پر سلمان گھر سے باہر نکلا ، اس کے پیچھے بھائی سید ارباز بھی آیا اور اکرم سلمان کوکچھ دور لے گیا ۔ اس وقت جب بھائی سید ارباز پیچھے سے چل رہے تھے تو سلمان پر خنجر سے حملہ ہوا اور اس نے چیخ ماری ۔پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا اور تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے ۔