نئی دہلی۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کیلئے ہندوستان اور پاکستان کی ایک سیریز کے دبئی میں انعقاد کی تجویز پیش کی تھی لیکن ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے اس امدادی کرکٹ سیریز کی تجویز مسترد کر دی۔سابق کپتان نے کہاکہ ہمارے ملک کو پیسے کی ضرورت نہیں، شعیب اختر کی تجویز پر ونڈے سیریز کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔اختر نے کہا تھاکہ کورونا متاثرین کی امداد کیلیے روایتی حریف ٹیموں کے درمیان دبئی میں ونڈے سیریزکروائی جائے، صرف ٹی وی پر میچزنشر کرنے سے حاصل شدہ آمدنی دونوں ملکوں کے ضرورتمندوں کے کام آسکتی ہے، جواب میں ہندوستانی سابق کپتان کپیل دیو نے کہاکہ ہمیں پیسے کی ضرورت نہیں،بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمارے پاس وسائل موجود ہیں، ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے بھی51 کروڑ روپے کا عطیہ دیا، اگر ضرورت پڑی تو مزید رقم بھی جمع کرانے کی طاقت ہے،انھوں نے کہا کہ ابھی 5 یا 6 ماہ تک کرکٹ دوبارہ شروع ہونے کا امکان نظر نہیں آرہا، موجودہ صورتحال میں صحت اور سلامتی کیلیے ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہمیت رکھتا ہے، کسی بھی نوعیت کا میچ کرنا بہت بڑا خطرہ مول لینے کے مترادف ہوگا، اس لیے شعیب اختر کی تجویز کسی طور پر بھی قابل عمل نہیں لگتی۔