شمالی کوریا کا نیوکلیئر موقف ختم کرنے کی عالمی قرارداد مسترد کرنے کا اعلان

,

   

ہماری نیو کلیئر طاقت کا موقف نا قابل واپسی ہے، کم جونگ کی بہن کم یو جونگ کا عالمی ادارہ پر دوہرے معیار کا الزام

پیانگ یانگ ۔ 19 ستمبر (ایجنسیز) شمالی کوریا نے عالمی نیوکلیر توانائی ایجنسی کی نیوکلیر پروگرام کے خلاف قرارداد مسترد کرتے ہوئے اپنی نیوکلیر طاقت کی حیثیت کو ناقابلِ واپسی قرار دے دیا۔ شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ملک کا نیوکلیر دفاعی نظام مضبوط ہے اور دشمن قوتوں کی کوششوں سے اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ کم جونگ اْن کی بہن کم یو جونگ نے عالمی ادارے پر دہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آئی اے ای اے امریکہ اور جنوبی کوریا کی نیوکلیر سرگرمیوں کو نظر انداز جبکہ شمالی کوریا کی دفاعی نیوکلیر سرگرمیوں کے خلاف قرارداد منظور کر رہا ہے۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد ہماری نیوکلیر طاقت کی حیثیت پر کوئی اثر نہیں ڈال سکتی۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کا دعویٰ ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ شمالی کوریا سے مذاکرات چاہتے ہیں اور رواں سال کم جونگ اْن سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جنوبی کوریا کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پیانگ یانگ (شمالی کوریائی دارالحکومت) سے بات چیت چاہتے ہیں جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ میں رواں سال کِم جونگ ان سے ملاقات کا ارادہ رکھتا ہوں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق شمالی کوریا کے پاس اس وقت 57 طاقت ور نیوکلیر ہتھیار ہیں۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان نے رواں ہفتہ اہم اسلحہ ساز فیکٹریوں کا 3 روزہ دورہ بھی کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ بڑھتے دفاعی تعاون اور یوکرین جنگ میں شمالی کوریائی فوجیوں کی تعیناتی سے پیانگ یانگ کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔